عرب لیگ کے نائب سیکریٹری جنرل السفیر احمد بن حلی کا کہنا ہے کہ عرب لیگ کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کا ایک ہنگامی اجلاس آئندہ اتوار10 جنوری کو قاہرہ میں منعقد کیا جائے گا۔
سعودی عرب کی درخواست پر بلائے جانے والے اس اجلاس میں تہران میں سعودی سفارت خانے کے حوالے سے ایران کی خلاف ورزیوں کو زیر ِ بحث لایا جائے گا۔بن حلی نے مزید بتایا کہ اجلاس کا مقصد عرب ممالک کے اندرونی معاملات میں ایران کی مداخلت کی پُرزور مذمت ہے۔
اس سے قبل عرب لیگ نے ایران میں سعودی سفارت خانے پر ہونے والے حملے کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ لیگ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر نبیل العربی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی بین الاقوامی منشور اور روایات کی صریح خلاف ورزی ہے۔
right;">
انہوں نے باور کرایا کہ ایران کو عرب ممالک کے داخلی امور میں عدم مداخلت کے اصول کا احترام کرنے کی ضرورت ہے اور ملکوں کا یہ حق ہے کہ وہ اپنے شہریوں کی سلامتی اور سماجی یکجہتی کو یقینی بنائے۔
انہوں نے زور دیا کہ کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ دوسرے ملکوں کے عدالتی فیصلوں پر تبصرہ کرے۔
نبیل العربی نے 1961 میں سفارتی تعلقات سے متعلق ویانا کنونشن کی روشنی میں، ایرانی حکومت کو سفارتی دفاتر کی حفاظت کا ذمہ دار ٹھہرایاہے۔
عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل نے انسداد دہشت گردی اور مملکت میں امن واستحکام کے سلسلے میں سعودی عرب کی کوششوں کو سراہا اور ساتھ ہی یہ بھی باور کرایا کہ عرب لیگ بھرپور حمایت کے ساتھ ان کوششوں میں مملکت کے شانہ بشانہ ہے۔